لاہور(کرائم رپورٹر سے) ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2روز قبل جامِ شہادت نوش کرنے والے سی سی ڈی کانسٹیبل رزاق ڈوگر کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔نمازِ جنازہ میں آئی جی پنجاب عبدالکریم، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی سی سی ڈی وقاص الحسن ور پولیس کے سینئر افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھول کی چادر چڑھائی اور روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید رزاق ڈوگر کے بھائی آفتاب ڈوگر اور بیٹوں قاسم علی اور رومان حسن سے ملاقات کی اور شہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیابعد ازاں آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی اور دیگر سینئر افسران کے ہمراہ جناح ہسپتال لاہور کا دورہ کیا۔
(روز نامہ جنگ)
**************************
