لاہور(نامہ نگار)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے میچز کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اور جامع انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔قذافی سٹیڈیم،علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کھلاڑیوں کی قیام گاہوں اور میچ روٹس کی سکیورٹی کیلئے سیف سٹی اور لاہور پولیس کی مشترکہ حکمتِ عملی نافذ کر دی گئی ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ کھلاڑیوں،آفیشلز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سکیورٹی اداروں کیساتھ مکمل کوارڈینیشن قائم ہے تاکہ ایونٹ کے دوران ہر سطح پر فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ لاہور میں میچز کے دوران 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں، ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیمز کے اطراف سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں گے۔ میچز کے دوران سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا جائے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اضافی وارڈنز تعینات کیے جائیں۔ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے سٹیڈیمز، ہوٹلز اور ٹیموں کے روٹس کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں میچز کے دوران مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی جبکہ سٹیڈیمز اور اردگرد کی بلند عمارات پر سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں گے۔ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے قبل از میچز ٹریفک ایڈوائزری جاری کی جائیگی۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*************************