انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی و دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب نے مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات مزید بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود موقع پر جا کر چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے گئے جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں نے گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔ عبدالکریم نے کہا کہ علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔