لاہور(کر ائم رپو رٹر)پنجاب پولیس نے چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم کے مطابق لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ چاند رات کے موقع پر صوبہ بھر میں مارکیٹوں، اہم مقامات اور عوامی جگہوں پر لیڈی پولیس سمیت 17 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جبکہ صرف لاہور میں 5 ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔عیدالفطر کے موقع پر صوبہ بھر میں 29 ہزار سے زائد عید اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے 47 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے، جبکہ لاہور میں 10 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں کے تعاون سے دہشت گردوں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے بین الصوبائی سرحدوں، دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکاروں کو بھی ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔مزید برآں، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں اور دیگر اہم مقامات کی مسلسل نگرانی کی جائے گی جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کو موثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ خواتین اور فیملیز کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں اور اہم شاہراہوں، تفریحی مقامات پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اضافی نفری تعینات کریں۔
(روز نامہ پاکستان)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭