لاہور(نامہ نگار)پولیس نے اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھرکے گرجا گھروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کی تھی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی و دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ آئی جی پنجاب نے مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات مزید بڑھانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود موقع پر جا کر چیک کریں۔حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے گئے جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں نے گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا۔انہوںنے کہا کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔ علما کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
(روز نامہ نوائے وقت)
*********************
