مہارت‘ بہتر رویوں کے ماڈیول پولیس کے بیسک ‘پروموشنل کورسز کا حصہ

Mar 13, 2026

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب خرم شکور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس ہوا۔ ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب،اے آئی جی ٹریننگ پنجاب اور کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج لاہور نے شرکت کی۔صوبہ بھر کے پولیس ٹریننگ کالجز کے کمانڈنٹس اور پولیس ٹریننگ سکولز کے پرنسپلز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب پولیس کے پیشہ ورانہ تربیتی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔پولیس فورس کے رویوں میں بہتری، ٹریننگ ماڈیولز کی اپ گریڈیشن، تربیتی معیار کو مزید بہتر بنانے اور ٹریننگ فیکلٹی کی استعداد کار میں اضافے سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ خرم شکور نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہتر رویوں کے ماڈیول کو تمام بیسک اور پروموشنل کورسز کا حصہ بنایا جا چکا ہے تاکہ فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوام کیساتھ بہتر رویے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ پنجاب پولیس کے تربیتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے تربیتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب نے پیش کردہ تجاویز اور زیر غور امور کی روشنی میں متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

(روز نامہ نوائے وقت)

*********************