صوبہ بھر کے 747 تھانوں کی گاڑیوں کو کرائم سین پروٹیکشن کٹس فراہم

Mar 11, 2026

 لاہور(نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویڑن ’’انصاف آپ کی دہلیز پر‘‘ کے تحت کرائم سین کے فوری تحفظ کیلئے پنجاب پولیس نے اقدامات تیز کر دیئے ہیں۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے 747 تھانوں کی گاڑیوں کو کرائم سین پروٹیکشن کٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔ ہر تھانے کی گاڑی میں کرائم سین لانگ کونز، کارڈن ٹیپ اور مارکر پر مشتمل خصوصی کٹس شامل کی گئی ہیں تاکہ وقوعہ کے مقام کو فوری طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم کا کہنا ہے کہ کرائم سین پروٹیکشن تفتیش کا بنیادی جزو ہے اور کرائم سین کے درست تحفظ سے تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان کا کہنا ہے کہ پولیس افسران کو فرسٹ رسپانڈر کی خصوصی تربیت فراہم کرنے کیلئے 500 ماسٹر ٹرینرز تیار کیے جا چکے ہیں۔ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کے کوآرڈینیٹرز کے تعاون سے پولیس کی پیشہ ورانہ تربیت کا عمل جاری ہے۔کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک تک تمام افسران کو کرائم سین مینجمنٹ کی تربیت دی جائیگی تاکہ فرانزک سائنس کے جدید تقاضوں کے مطابق تحقیقات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*****************