لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پولیس ملازمین کے نابینا بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ماہانہ وظیفہ دینے کی منظوری دیدی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کی جانب سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔پولیس ملازمین کے نابینا بچوں کو 20 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائیگا۔یہ ماہانہ وظیفہ شہداء ،حاضر سروس،ریٹائرڈ اور دورانِ سروس وفات پانے والے پولیس ملازمین کے نابینا بچوں کو دیا جائیگاتاکہ ان کی بہتر دیکھ بھال اور ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پولیس فورس فیملی کی مانند ہے اور پولیس ملازمین اور ان کے بچوں کی دیکھ بھال پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں کو پہلے ہی ماہانہ 30 ہزار روپے جبکہ سیریبرل پالسی میں مبتلا بچوں کو ماہانہ 20 ہزار روپے فراہم کئے جا رہے ہیں۔پولیس ملازمین کے دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے کیلئے بھی خطیر رقوم فراہم کی جا رہی ہیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************
