سانحہ لبرٹی چوک کی 17 ویں برسی، شہداء پولیس کو خراج عقیدت پیش

Mar 04, 2026

 لاہور(کر ائم رپو رٹر)آئی جی پنجاب کا شہداء کو خراج عقیدت پنجاب پولیس کے سربراہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عبدالکریم نے سانحہ لبرٹی چوک کے موقع پر سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گرد حملے کے دوران شہید ہونے والے پولیس افسران و اہلکاروں کو ان کی 17ویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پولیس قوم کا فخر ہیں اور ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2009ء میں آج ہی کے دن بہادر پولیس افسران اور جوانوں نے سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پیشہ وارانہ جرات و بہادری کی لازوال مثال قائم کی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سمیت کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور یہ قربانیاں ہی پاکستان میں امن و استحکام کی بنیاد ہیں۔ شہید پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیاں ہمیشہ دلوں میں تازہ رہیں گی اور ان کے اہل خانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔  

(روز نامہ پاکستان)

*********************