سکیورٹی ہائی الرٹ ، انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع

Mar 03, 2026

لاہور (کر ائم رپو رٹر)موجودہ مغربی سرحدی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 63انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران 1705افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 6جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح گزشتہ 24گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبے بھر میں 609 کومبنگ آپریشنز بھی عمل میں لائے گئے کومبنگ آپریشنز کے دوران 20ہزار سے زائد افراد کی چیکنگ اور پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 129جرائم پیشہ اور مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ملزمان کے قبضے سے2رائفلز، 15پسٹلز، ایک بندوق اور درجنوں گولیاں برآمد کی گئیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ اور کومبنگ آپریشنز بلا تعطل جاری رکھے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے تدارک کے لیے ڈور ناکنگ کا عمل بھی موثر انداز میں جاری رکھا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔

(روز نامہ جنگ)

***********************