لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ صوبہ بھر سے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی جاری مہم میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جیز ساؤتھ پنجاب،سی ٹی ڈی،ڈی آئی جی ایس پی یو،آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ موجودہ سرحدی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس اور ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر ہائی الرٹ رہے۔ انہوں نے افغانیوں سمیت تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ نے واضح کیا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ باہمی مربوط حکمتِ عملی کے تحت پنجاب سے تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے فوری انخلا کو یقینی بنائیں۔اس کے ساتھ ساتھ غیر قانونی مقیم افراد کو پناہ، روزگار یا کاروبار فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ غیر قانونی مقیم باشندوں کو ہولڈنگ پوائنٹس منتقل کرنے اور عارضی قیام کے دوران سکیورٹی انتظامات ہائی الرٹ رکھے جائیں۔سیکرٹری داخلہ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ ہولڈنگ پوائنٹس تک منتقلی کے لیے ٹرانسپورٹ، رہائش اور خوراک کے مناسب انتظامات یقینی بنائے جائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کے عمل میں سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور دیگر سکیورٹی اداروں کی انٹیلی جنس بیسڈ انفارمیشن اور ڈیٹا سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کی میپنگ،سکیننگ اور سکریننگ کے مطابق چیکنگ اور شناخت کے عمل کو مؤثر بنانے کی ہدایت بھی دی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو انخلا مہم کے دوران متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
(روز نامہ نوائے وقت)
*************************
