افسران مساجد ، اہم تنصیبات کی سکیورٹی کا خود جائزہ لیں ، آئی جی

Feb 28, 2026

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت مغربی و اندرونی سرحدی صورتحال اور ماہِ صیام کے دوسرے جمعۃ المبارک کے پیش نظر صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ویڈیو لنک اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ آئی جی پنجاب نے لاہور، راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مساجد، عبادت گاہوں، مارکیٹوں، کاروباری مراکز، پولیس چیک پوسٹس، اہم تنصیبات، چینی و دیگر غیر ملکی سفارت خانوں اور حساس مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ مساجد، عبادت گاہوں اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کا خود جائزہ لیں جبکہ بین الصوبائی پولیس چیک پوسٹوں، پولیس اسٹیشنز و دفاتر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عمارات کی سکیورٹی بھی بڑھائی جائے۔انہوں نے کہا کہ چینی ماہرین، غیر ملکی شہریوں کی رہائش گاہوں، ورک پلیسز اور دورانِ نقل و حرکت سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ پولیس افسران، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی ایجنسیوں کی مشاورت سے جامع سکیورٹی آرڈر تشکیل دیا جائے۔ آئی جی پنجاب نے افغان سمیت غیر قانونی مقیم تمام غیر ملکی باشندوں اور تارکین وطن کے انخلا کی مہم تیز کرنے، انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز کا دائرہ کار بین الصوبائی سرحدی علاقوں تک بڑھانے کی ہدایت کی۔

سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے اور حکومت پنجاب کی جانب سے ڈرون کے استعمال پر نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ملکی اندرونی سرحدوں کے تحفظ کے لیے دہشت گردوں، شرپسندوں اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے عناصر کے خلاف سرچ و سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب پولیس کا ہر جوان ملک و قوم کی حفاظت کے لیے بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر اور امدادی سرگرمیاں یقینی بنائی جائیں گی۔آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ من گھڑت افواہوں اور غیر مصدقہ سوشل میڈیا پیغامات پر ہرگز دھیان نہ دیں۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی دی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوزنے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی فیصل علی راجہ، ڈی آئی جی آئی ٹی منصورالحق، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ڈویلپمنٹ اور اے آئی جی ایڈمن اجلاس میں موجود تھے۔

(روز نامہ ایکسپریس)

*************************