انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی قیادت میں پنجاب پولیس 2017ء سے قبل کے پولیس شہداء کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں سنٹرل پولیس آفس لاہور میں پولیس شہداء کے اہلخانہ میں گھروں کی تعمیر کیلئے مالی امداد کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تقریب کے دوران لاہور اور شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے 10 پولیس شہداء کے اہلخانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے چیک تقسیم کیے گئے۔ آئی جی پنجاب نے اس موقع پر پولیس شہداء کے اہلخانہ میں گھروں کی تعمیر کیلئے مجموعی طور پر مزید 50 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے۔ مزید 46 پولیس شہداء کی فیملیز کو گھروں کی تعمیر کیلئے رقوم کے چیک متعلقہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال 2017ء سے قبل کے پولیس شہداء کی فیملیز کیلئے 200 نئے گھروں کی تعمیر کیلئے رقوم فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر فیملی کو پنجاب پولیس کی جانب سے گھروں کی تعمیر کیلئے 25 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2017ء سے قبل کے 737 پولیس شہداء کے اہلخانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ پنجاب پولیس اب تک اپنے وسائل سے شہداء کے اہلخانہ کو گھروں کی تعمیر کیلئے 12 کروڑ روپے فراہم کر چکی ہے۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے انڈومنٹ فنڈ سے 29 پولیس شہداء کی فیملیز گھروں کی تعمیر مکمل کر چکی ہیں۔
(روز نامہ سٹی 42)
*************************
