لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم نے شہریوں سے براہ راست رابطے اور پولیس سروسز سے متعلق شکایات و تجاویز سننے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 1787 کمپلینٹ سنٹر پر بذریعہ فون متعدد شہریوں سے گفتگو کی۔ آئی جی پنجاب نے موصولہ درخواستوں اور شکایات کا جائزہ لیا اور پولیس کارروائی، تفتیش کے معیار اور اہلکاروں کے رویوں سے متعلق دریافت کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر، ناقص تفتیش اور شہریوں سے بدسلوکی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سی ایم کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، پی ایم پورٹل اور 1787 سمیت تمام ذرائع سے موصول ہونے والی شکایات کو مقررہ وقت میں حل کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی بے ضابطگی یا بدسلوکی کی صورت میں 1787 پر شکایت درج کرائیں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔
(روز نامہ پاکستان)
**********************
