صوبہ بھرکے گرجا گھروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

Feb 23, 2026

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس نے اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھرمیں گرجا گھروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی و دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہتے ہوئے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے گئے جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیموں نے گرجا گھروں کے اطراف مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود موقع پر جا کر چیک کریں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں،مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے گئے۔عبدالکریم نے کہا کہ علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

************************