کچہ ایریا ‘تھانوں ‘چوکیوں کیلئے مزید بلٹ پروف گاڑیاں‘جدید آلات خریدنے کا فیصلہ

Feb 22, 2026

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب پولیس عبدالکریم کی صدارت میں کچہ ایریا میں جاری پولیس آپریشن کے حوالے سے فالو اپ اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں ہوا۔ پائیدار امن کے قیام کیلئے پولیس انفراسٹرکچر اور آپریشنل حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے بارے تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا۔کچہ ایریا میں امن و امان کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کیلئے سکیورٹی اقدامات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کچہ ایریاز میں انفراسٹرکچر،تعلیم،صحت اور روزگار سے متعلق تمام ترقیاتی منصوبوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ حکومتی رٹ ہر صورت برقرار اور شرپسند عناصر کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیورٹی انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس اور مختلف منصوبوں کی تکمیل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ کچہ ایریا میں قائم تھانوں اور چوکیوں کیلئے مزید بلٹ پروف گاڑیاں، جدید تھرمل امیجنگ کیمرے، کواڈ کاپٹرز اور دیگر جدید آلات کی خریداری عمل میں لائی جائیگی۔ کچہ کے حساس مقامات اور اہم تنصیبات کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مؤثر مانیٹرنگ کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

(روز نامہ نوائےوقت)

**********************