لاہور(کر ائم رپو رٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے دیے گئے اہداف اور سی ایم ریفارمز میٹرکس پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینئر افسران نے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی اصلاحاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں، فرنٹ ڈیسک، خدمت مراکز اور دیگر ورک پلیسز پر آنے والے شہریوں کی عزتِ نفس اور احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کو فون کالز کر کے پولیس کے رویوں سے متعلق فیڈ بیک حاصل کریں اور موصول ہونے والی شکایات پر فوری اور موثرکارروائی عمل میں لائیں۔ آئی جی پنجاب نے واضح کیا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں بے جا تاخیر، ناقص تفتیش اور بدسلوکی کی شکایات پر ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ کرپشن، اختیارات سے تجاوز اور بدسلوکی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے تھانوں کے باہر پینک بٹن کی تنصیب اور سڑکوں و دیگر مقامات پر ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کو باڈی کیمروں کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کی ذہنی و جسمانی گرومنگ اور رویوں میں بہتری کے لیے ٹریننگ سیشنز کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے ایس ڈی پی اوز کے سپروائزری کردار کوموثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایس ڈی پی اوز کرائم سین پر لازمی پہنچیں اور فرانزک شواہد کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس، ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی آئی اے بی، ڈی آئی جی ٹیکنیکل پروکیورمنٹ اور ڈی آئی جی ویلفیئر سمیت دیگر سینئر افسران شریک ہوئے، جبکہ آر پی او سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
(روز نامہ پاکستان)
***********************
