منشیات سمیت تمام سنگین جرائم کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے:آئی جی پنجاب

Feb 18, 2026

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا تعارفی اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے آئی جی پنجاب کو ادارے کے اغراض و مقاصد، اہداف، کارکردگی اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ سی سی ڈی کے انفراسٹرکچر، ہیومن ریسورس، لاجسٹکس اور انتظامی امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے سی سی ڈی کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔انہوںنے کہا کہ منشیات سمیت تمام سنگین جرائم کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سی سی ڈی کو اہداف کے حصول کیلئے مزید وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے بتایا کہ سی سی ڈی ضلعی پولیس کے اشتراک سے ڈکیتی، چوری، راہزنی، گاڑی اور موٹر سائیکل چوری و چھیننے سمیت سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ سی سی ڈی کو کریمنلز ڈیٹا بیس، جدید سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ سسٹمز، لوکیٹرز اور جدید آئی ٹی ٹیکنالوجی کی معاونت حاصل ہے۔ سی سی ڈی کے قیام کے بعد صوبے بھر میں سنگین جرائم کی شرح میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جو ادارے کی مؤثر کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*************************