پنجاب پولیس کے صوبہ بھر میں سرچ آپریشنز تیزی سے جاری

Feb 17, 2026

رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر صوبہ پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب پولیس کی جانب سے لاہور سمیت تمام اضلاع میں سرچ آپریشنز کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 242 سرچ آپریشنز کیے گئے جن کے دوران 7,370 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 12 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رواں سال اب تک صوبہ بھر میں 16 ہزار 440 سرچ آپریشنز کیے جا چکے ہیں جن کے دوران 6 لاکھ 88 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور 1,951 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ سرچ آپریشنز کے دوران جرائم پیشہ اور مشتبہ عناصر کے قبضے سے 34 رائفلز، 375 پسٹلز اور 58 بندوقیں برآمد کی گئیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کا مؤثر محاسبہ یقینی بنانے کے لیے سرچ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے تدارک کے لیے بھرپور ڈور ناکنگ کی ہدایت بھی کی ہے۔

(روز نامہ انصاف)

***********************