لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کرتے ہوئے فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پولیس کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یومِ شہداء چیئرنگ کراس پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں سے تجدید عہد کا دن ہے۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ 2017ء میں آج ہی کے دن لاہور کے فیصل چوک مال روڈ پر دہشتگرد حملے میں پولیس افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ اس سانحے میں ڈی آئی جی سید احمد مبین، ایس ایس پی زاہد محمود گوندل سمیت سات پولیس افسران اور اہلکاروں نے شہادت کا رتبہ پایا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شہداء میں اے ایس آئی محمد امین، ہیڈ کانسٹیبل عصمت اللہ اور کانسٹیبلز محمد اسلم، عرفان محمود اور ندیم تنویر بھی شامل تھے جنہوں نے وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شہداء پولیس کے اہلخانہ کی ویلفیئر اور دیکھ بھال پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
(روز نامہ پاکستان)
***********************

