لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی صدارت میں پولیس اصلاحات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ پنجاب پولیس میں اصلاحاتی اقدامات کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ پولیس اور ٹریفک اہلکاروں کو مرحلہ وار باڈی کیم فراہم کئے جائیں گے اور آئندہ دو ماہ کے اندر پوری فورس کو باڈی کیمز سے لیس کر دیا جائیگا۔تھانوں کے باہر پینک بٹن نصب کئے جا رہے ہیںتاکہ کسی بھی بدسلوکی یا شنوائی نہ ہونے کی صورت میں شہری فوری طور پر شکایت درج کرا سکیں۔ تمام تھانوں،دفاتر،ناکوں اور خدمت مراکز پر شہریوں کو عزت و احترام کیساتھ ’’سر یا میڈم‘‘ اور ’’صاحب یا صاحبہ‘‘ کہہ کر مخاطب کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے تمام تھانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو مکمل طور پر آپریشنل رکھنے اور بیک اپ سسٹم یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے 1787 کمپلینٹ سنٹر کے ذریعے شہریوں سے براہِ راست رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔آئی جی پنجاب نے بذریعہ فون کال متعدد شہریوں سے گفتگو کی اور موصول درخواستوں اور شکایات کے ازالے کے دورانیہ، پولیس ریسپانس اور مجموعی رویوں کے بارے میں خود آگاہی حاصل کی۔شہریوں نے پولیس کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور ردِعمل سے متعلق اپنی رائے سے بھی آگاہ کیا۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************
