شہریوں کی درخواستوں پر فوری ایکشن لیا جائے: آئی جی

Feb 12, 2026

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے 1787 کمپلینٹ سنٹر کے ذریعے شہریوں سے براہِ راست رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔آئی جی پنجاب نے بذریعہ فون کال متعدد شہریوں سے گفتگو کی اور موصولہ درخواستوں اور شکایات کے ازالے کے دورانیے، پولیس ریسپانس اور مجموعی رویوں کے بارے میں خود آگاہی حاصل کی۔ شہریوں نے پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات اور ردِعمل سے متعلق اپنی رائے سے بھی آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے آر پی اوز، ڈی پی اوز اور دیگر سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی درخواستوں پر فوری ایکشن لیا جائے اور بلا تاخیر ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اندراجِ مقدمہ، تفتیش میں تاخیر یا شہریوں سے بدسلوکی کی شکایات پر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ بذریعہ فون کال، ایس ایم ایس، ای میل اور دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی تمام شکایات کو مقررہ ٹائم لائن اور ایس او پیز کے مطابق فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ پولیس فورس کی جانب سے کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا بدسلوکی کی شکایت 1787 پر درج کروائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدار احتساب ہی پولیس فورس کی کارکردگی اور عوامی رویوں میں بہتری کا باعث بنے گا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم کو 1787 ڈیش بورڈ اور مختلف ریجنز سے موصول ہونے والی شکایات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(روز نامہ ایکسپریس)

*********************