لاہور(نامہ نگار)پولیس نے اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں گرجا گھروں میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ رہ کر سکیورٹی کے فرائض انجام دیے۔قبل ازیں آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کی سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے جائیں جبکہ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شر پسند عنصر پر کڑی نظر رکھیں۔گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔راؤ عبدالکریم نے کہا کہ علماء کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
************************