لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے لاہور میں بسنت فیسٹیول پرامن بنانے کیلئے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، اشتعال انگیزی، بدتہذیبی، فحاشی اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والی کسی بھی سرگرمی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ دھاتی، کیمیکل اور ممنوعہ ڈور کے استعمال پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق بسنت کے دوران شہر بھر میں 13 ایس پیز، 50 ڈی ایس پیز، 258 ایس ایچ اوز/انسپکٹرز اور 1143 اپر سب آرڈینیٹس تعینات کیے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد افسران و جوان سکیورٹی اور پٹرولنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کو مختلف سکیورٹی زونز میں تقسیم کرتے ہوئے ریڈ زون میں 104، ییلو زون میں 92 اور گرین زون میں 72 ناکہ جات قائم کیے گئے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ کے تحت جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں 193 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 191 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 22 ہزار 755 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 462 دھاتی و کیمیکل ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ رجسٹرڈ پتنگ فروش صرف منظور شدہ پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے کے پابند ہیں۔
(روز نامہ پاکستان)
*************************
