لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ پنجاب پولیس مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی دلیرانہ، اصولی اور طویل جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی، حقِ خودارادیت اور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور پنجاب پولیس ان کے جائز حق کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیلئے 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے۔ سکیورٹی ڈیوٹی پر 176 سپروائزری افسران، 231 انسپکٹرز، 553 سب انسپکٹرز، 919 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 200 خواتین پولیس اہلکاروں سمیت 8 ہزار کانسٹیبلری نے فرائض سرانجام دئیے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مجموعی طور پر 378 پروگرامز کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی گئی جن میں 279 ریلیاں، 81 سیمینارز اور 19 دیگر تقریبات شامل ہیں۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے تین روزہ بسنت فیسٹویل کی آمد کے موقع پر اندرون شہر موچی گیٹ کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ علاوہ ازیں آئی جی نے بتایا کہ لاہور میں کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر اب تک 1600 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ بسنت فیسٹیول کی سکیورٹی ڈیوٹی کیلئے 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
(روز نامہ پاکستان)
********************