بسنت فیسٹیول: لاہور سمیت صوبہ بھر میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد

Feb 05, 2026

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے کہا ہے کہ لاہور میں تین روزہ بسنت فیسٹیول کے محفوظ انعقاد کیلئے ضابطہ اخلاق اور حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمدکو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈوریں فروخت کرنے کی اجازت ہے جبکہ قانون شکنی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاہور پولیس پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کی سخت مانیٹرنگ کرے اور بسنت کے حوالے سے جاری حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور دیگر غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔راؤ عبدالکریم نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے جبکہ لاہور میں بھی سخت حکومتی شرائط اور قوانین کے تحت صرف مخصوص دنوں میں بسنت منانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 150 مقدمات درج کرکے 157 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر منظور شدہ 39 ہزار 667 پتنگیں اور 248 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں غیر قانونی پتنگوں اور ڈوروں کے کاروبار میں ملوث 67 ملزمان کو گرفتار کرکے 7 ہزار سے زائد پتنگیں اور 41 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رواں سال صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور غیر قانونی پتنگوں کے کاروبار میں ملوث 3998 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد پتنگیں اور 7374 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔

(روز نامہ انصاف)

********************