پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) صوبہ بھر میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت، تحفظ اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اور بھرپور انداز میں سرگرمِ عمل ہے۔پنجاب ہائی وے پٹرول نے ماہِ جنوری 2026 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پی ایچ پی نے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر حکمتِ عملی اور مستعد پولیسنگ کے ذریعے جرائم کی روک تھام، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہائی وے پٹرول نے ای پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے 507 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا جبکہ 112 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کر کے مالکان کے حوالے کی گئیں۔ ماہِ جنوری کے دوران ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 4356 اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 649 گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر 42373 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے اور 34 گمشدہ بچوں کو تلاش کر کے ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ اسی طرح 972 عارضی و مستقل تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئی جبکہ شاہرات پر 19395 مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد اور رہنمائی فراہم کی گئی۔مزید برآں، پولیس خدمت مراکز پر 16506 شہریوں کو مختلف پولیسنگ خدمات مہیا کی گئیں۔ ناجائز اسلحہ کے استعمال پر 11 مقدمات درج کیے گئے جن کے دوران 02 کلاشنکوف، 09 پسٹلز اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 562 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔
(روز نامہ ایکسپریس)
************************
