لاہور(نامہ نگار)دھاتی و کیمیکل ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کیخلاف پنجاب پولیس صوبہ بھر میں بھرپور ایکشن میں ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا صوبائی دارالحکومت لاہور میں 3 روزہ بسنت فیسٹیول کو محفوظ بنانے کیلئے حکومتی ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ لاہور میں صرف رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کو منظور شدہ پتنگیں اور ڈوریں فروخت کرنے کی اجازت ہے جبکہ قانون شکنی کرنیوالوں کیخلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا بسنت کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، فحاشی اور غیر اخلاقی رویوں پر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔ صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔جبکہ ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************