لاہور(کر ائم رپو رٹرسے) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واضح کیا ہے کہ اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔آئی جی پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں، جبکہ لاہور میں بھی حکومتی شرائط اور قوانین کے تحت صرف مخصوص دنوں میں بسنت کی محدود اجازت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے اس خونی کھیل کو روکنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ترجیح ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر صوبہ بھر میں 2234 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2210 مقدمات درج کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 1 لاکھ 52 ہزار 808 پتنگیں اور 3148 ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی پولیس نے بھرپور ایکشن لیتے ہوئے 1020 ملزمان کو گرفتار کیا، مقدمات درج کیے گئے اور 35 ہزار 547 پتنگیں جبکہ 860 ڈور چرخیاں قبضے میں لی گئیں۔
(روز نامہ جنگ)
*********************