لاہور (نامہ نگار) کچہ عمرانی، سکھانی اور کچہ کراچی کے علاقوں میں پنجاب پولیس راجن پور کا خطرناک ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور اور مؤثر آپریشن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر ڈرونز کے ذریعے گولہ باری کی جا رہی ہے جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر میں شدید خوف پھیل گیا ہے۔ آپریشن میں مارے جانے کے خوف سے مختلف کریمنل گینگز سے تعلق رکھنے والے مزید 24 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں۔ سرنڈر کرنے والوں میں ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والا بدنام زمانہ ڈاکو صدری لونڈ بھی شامل ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ اب تک ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والے 6 انتہائی خطرناک ڈاکو پولیس کے سامنے سرنڈر کر چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر سرنڈر ہونے والے ڈاکوؤں کی تعداد 211 ہو گئی ہے۔ڈی پی او راجن پور محمد عمران نے بتایا کہ گرفتار ڈاکو اغوا، قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*************************