لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک فرار ہونے والے خطرناک اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن مؤثر انداز میں جاری ہے جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اور انٹرپول کی مشترکہ کارروائی کے دوران بیرون ملک مفرور ایک اور خطرناک اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اشتہاری ملزم محمد اسد اللہ گزشتہ دو سال سے بھکر پولیس کو مطلوب تھا۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول کے ذریعے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا جس کے بعد دبئی پولیس کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن کے نتیجے میں اشتہاری ملزم کو دبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار اشتہاری محمد اسد اللہ کو بعد ازاں بھکر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔۔آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ ایف آئی اے اور انٹرپول کی معاونت سے دیگر خطرناک اشتہاری ملزمان کو بھی گرفتار کرکے وطن واپس لایا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
