پنجاب پولیس کے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر سائلین کے مسائل کے فوری اور مؤثر ازالے کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ ترجمان پنجاب نے پولیس تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے صرف 19 دنوں کے دوران 1787 کمپلینٹ سنٹر پر موصول ہونے والی 3 ہزار سے زائد شکایات کو حل کر لیا گیا ہے۔ مقدمات کے اندراج کی 1606 جبکہ سست تفتیش کی 445 شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ پولیس سروسز سے متعلق 234، محکمانہ معاملات اور دیگر امور سے متعلق 136 شکایات کو بھی حل کیا گیا ہے۔ اسی طرح ملزمان کی گرفتاری کی 97، ریکوری کی 162 اور ناقص تفتیش سے متعلق 72 شکایات کا ازالہ عمل میں لایا گیا۔ جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 45 اور تبدیلیٔ تفتیش سے متعلق 51 شکایات بھی حل کی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر داد رسی کے عمل کے دوران 18 مغویوں کی کامیاب بازیابی بھی عمل میں لائی گئی ہے جو اس نظام کی مؤثریت کا واضح ثبوت ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی تمام شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جا رہا ہے۔ 1787 کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ سسٹم کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*************************
