لاہور (کر ائم رپو رٹر)پنجاب پولیس راجن پور کا کچہ کریمنلز کے خلاف نان سٹاپ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ راجن پور پولیس کے کچہ ایریا میں جاری بھرپور آپریشن کے دوران مزید 23 انتہائی مطلوب ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے بتایا کہ کچہ آپریشن کے دوران اب تک سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کی مجموعی تعداد 52 ہو چکی ہے۔ ہتھیار ڈالنے والوں میں مختلف جرائم پیشہ گینگز کے سرغنہ اور خطرناک ڈاکو شامل ہیں جو پولیس اہلکاروں کی شہادت، قتل، اغوا برائے تاوان اور ڈکیتی جیسے سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ڈی پی او راجن پور محمد عمران نے کہا ہے کہ گرفتار اور سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ڈی پی او راجن پور نے بتایا کہ کچہ کراچی اور کچہ عمرانی میں پولیس کا بڑا اور ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے جس کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں جبکہ متعدد ڈاکو شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کے خلاف جاری آپریشنز کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔
(روز نامہ پاکستان)
**********************
