راجن پور، عمرانی گینگ کے 11ڈاکوؤں کا سرنڈر

Jan 19, 2026

راجن پور(آئی این پی)راجن پور پولیس نے کچہ کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔پولیس نے کچہ عمرانی، سکھانی اور کچہ کراچی کے علاقوں میں ڈاکوؤں کیخلاف موثر ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ڈرونز کے ذریعے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی گئی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں انتہائی مطلوب عمرانی گینگ کے 11 خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ پولیس نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں اور بنکرز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا، جبکہ سرنڈر کرنے والے ملزمان نے بھاری اسلحہ سمیت اپنے ہتھیار پولیس کے حوالے کر دیئے۔ڈی پی او راجن پور محمد عمران کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈاکو اغوا، قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھے۔ ڈی پی او کے مطابق علاقے میں اب بھی پولیس اور باقی ماندہ ڈاکوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، جبکہ دیگر جرائم پیشہ عناصر کو فوری طور پر گرفتاری دینے یا سخت آپریشن کا سامنا کرنے کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ۔

(روز نامہ پاکستان)

**********************