لاہور (کرائم رپورٹر)شہید اے ایس پی سلمان ایاز خان (ستارۂ شجاعت) کی 20ویں برسی کے موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کی عظیم قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ایس پی سلمان ایاز خان جیسے بہادر اور نڈر افسران پنجاب پولیس کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ راولپنڈی پولیس کے سینئر افسران اور جوانوں نے شہید اے ایس پی سلمان ایاز خان کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ افسران نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ اے ایس پی سلمان ایاز خان 17 جنوری 2006ء کو اغوا برائے تاوان میں ملوث خطرناک ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹی کی قیادت کر رہے تھے کہ اس دوران ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
(روز نامہ جنگ)
***********************
