شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز سرگودھا میں ادا کر دی گئی

Jan 17, 2026

 شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز سرگودھا میں ادا کر دی گئی۔ نمازِ جنازہ میں آر پی او سرگودھا محمد شہزاد آصف خان، کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی، ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سینئر افسران، پولیس افسران و اہکاروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی۔ آر پی او، کمشنر اور ڈی پی او سرگودھا نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور ان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے شہید کی قربانی کو قوم کے لیے عظیم اثاثہ قرار دیا۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کا جسدِ خاکی پولیس پروٹوکول کے تحت تدفین کے لیے ان کے آبائی گاؤں بھاگٹانوالہ روانہ کر دیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور شہید کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

(روز نامہ نوائےوقت)

************************