پنجاب پولیس رحیم یارخان کی کچہ کریمنلز کے خلاف بڑی کامیابی،کچہ کے خطرناک ڈاکوؤں کا سرنڈر

Jan 08, 2026

پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ کے کریمنلز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔ رحیم یار خان پولیس کے دباؤ اور مؤثر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے نتیجے میں کچے کے بدنام زمانہ ڈاکو، ایک کروڑ روپے سر کی قیمت والے خطرناک اشتہاری مجرم میرا لٹھانی نے اپنے ساتھیوں سمیت پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب نے خطرناک اشتہاری مجرم میرا لٹھانی کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ پولیس کی مؤثر کارروائیوں کے باعث میرا لٹھانی کے علاوہ سنگین جرائم میں ملوث ڈاکو فدا عرف راٹھور لٹھانی اور زلفی لٹھانی نے بھی خود کو قانون کے حوالے کر دیا۔ رحیم یار خان پولیس کا گھیرا تنگ ہونے اور کچہ کے علاقوں میں مسلسل دباؤ کے باعث ڈاکوؤں نے سرنڈر کا فیصلہ کیا۔ ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی قیادت میں کچہ میں کریمنلز کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ اور ٹارگٹڈ کارروائیاں تسلسل سے جاری ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ گرفتار ہونے والے ڈاکو قتل، پولیس پر حملوں، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بدنام زمانہ ڈاکوؤں کے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈالنے پر ڈی پی او رحیم یار خان اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس جرائم کے مکمل خاتمے اور قانون کی عملداری کیلئے پرعزم ہے۔ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے کہا کہ ہتھیار ڈال کر پرامن زندگی کی طرف آنے والوں کیلئے راستے کھلے ہیں اور انہیں بہتر زندگی گزارنے کا پورا موقع فراہم کیا جائے گا، تاہم جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

*********************