ایک سال میں 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد شکایات حل

Jan 05, 2026
: سال 2025 میں آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سال 2025 کے دوران آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 پر موصول ہونے والی ایک لاکھ 85 ہزار سے زائد شکایات کو مؤثر نظام کے تحت حل کیا گیا جو پولیس سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری کا ثبوت ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ مقدمات کے اندراج سے متعلق 64 ہزار سے زائد جبکہ سست تفتیش سے متعلق 39 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ پولیس سروسز سے متعلق 7 ہزار 965 سے زائد، محکمانہ امور و دیگر معاملات سے متعلق 9 ہزار 596 شکایات بھی حل کی گئیں۔ اسی طرح ملزمان کی گرفتاری سے متعلق 8 ہزار 603، ریکوری سے متعلق 15 ہزار 209 اور ناقص تفتیش سے متعلق 7 ہزار 853 شکایات کا مؤثر حل یقینی بنایا گیا۔ جھوٹے مقدمات کی منسوخی سے متعلق 3 ہزار 842 جبکہ تفتیش کی تبدیلی سے متعلق 2 ہزار 525 شکایات پر بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
 آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 1787 کے ذریعے داد رسی کے عمل میں تیزی لاتے ہوئے 1 ہزار 611 مغویوں کی بحفاظت بازیابی بھی ممکن بنائی گئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی تمام شکایات کو ایس او پیز کے مطابق مقررہ ٹائم لائن کے اندر حل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 1787 کمپلینٹ سنٹر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مانیٹرنگ سسٹم کو مزید فعال کر دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام ڈی پی اوز 1787 کمپلینٹ سسٹم پر موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خود معاملات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
(روز نامہ ایکسپریس)
**********************