پنجاب ہائی وےپٹرول نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

Jan 04, 2026
پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) صوبہ بھر میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت، تحفظ اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور انداز میں سرگرمِ عمل ہے۔ پنجاب ہائی وے پٹرول نے سال 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پی ایچ پی نے جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے تحت جرائم کے انسداد، شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ای پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے 5937 اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا جبکہ 3139 چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کر کے مالکان کے حوالے کی گئیں۔ سال 2025 کے دوران ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 5 لاکھ 02 ہزار سے زائد اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی جبکہ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 14 ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر 03 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے اور 527 گمشدہ بچوں کو تلاش کر کے ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ 84 ہزار عارضی و مستقل تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئی اور شاہرات پر ایک لاکھ 82 ہزار مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد و رہنمائی فراہم کی گئی۔
(روز نامہ جناح)
************************