لاہور(نامہ نگار)سال 2025ء پنجاب پولیس کی تاریخ میں افسران اور اہلکاروں کی فاسٹ ٹریک پروموشنز کے حوالے سے ایک نمایاں اور یادگار سال ثابت ہوا۔سال 2025ء کے دوران 6 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی ۔ 38 ڈی ایس پیز کو ایس پی، 191 انسپکٹرز کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ 46 سینئر ٹریفک وارڈنز کو ٹریفک آفیسر جبکہ 1047 سب انسپکٹرز کو انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ 907 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر، 1054 ہیڈ کانسٹیبلز کو اے ایس آئی اور 2562 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ 26 جونیئر کلرکس،2 سٹینوگرافرز،7 سینئر سکیل سٹینوگرافرز،19 اسسٹنٹس، 80 سینئر کلرکس،ایک پرائیویٹ سیکرٹری اورایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پروموٹ ہونے والے افسران کو خود اگلے عہدوں کے رینک لگا کر عزت افزائی کی۔آئی جی پنجاب نے بتایا کہ گزشتہ تقریباً تین برس کے دوران پنجاب پولیس میں 30 ہزار سے زائد ریکارڈ محکمانہ پروموشنز دی جا چکی ہیں۔ پروموشن بورڈز کا ایڈوانس شیڈول ترتیب دیدیا ہے۔پنجاب پولیس کے افسران کے پروموشن اور سروس اسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا گیا ہے تاکہ فورس کے مورال میں مزید اضافہ ہو۔انہوں نے ترقی کے منتظر افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اے سی آرز اور دیگر سروس ریکارڈ بروقت مکمل رکھیں۔
(روز نامہ نوائے وقت)
*************************
