لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سال 2026ء کیلئے پنجاب پولیس کے پروموشن بورڈز کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔سال 2026ء کے دوران مختلف کیڈرز میں افسران کی بڑی تعداد میں ریٹائرمنٹ متوقع ہے،جس کے باعث سینکڑوں اسامیاں خالی ہوں گی اور ترقیوں کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ڈی ایس پی سے ایس پی عہدے پر ترقی کیلئے پروموشن بورڈ کا پہلا اجلاس رواں سال جنوری کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہوگا جبکہ ایس پی عہدے پر ترقی کیلئے پروموشن بورڈ کا دوسرا اجلاس ستمبر کے تیسرے ہفتے میں بلایا جائیگا۔ پروموشن بورڈز کے نتیجے میں 50 سے زائد ڈی ایس پیز کے ایس پی عہدے پر ترقی پانے کے امکانات روشن ہیں۔ انسپکٹر سے ڈی ایس پی عہدے پر ترقی کیلئے پروموشن بورڈ کا پہلا اجلاس جنوری کے تیسرے ہفتے میں ہوگا جبکہ اس کے مزید پروموشن بورڈز مئی،ستمبر اور دسمبر میں منعقد کئے جائیں گے۔ پروموشن بورڈز کے نتیجے میں مجموعی طور پر 150 سے زائد افسران ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی پائیں گے۔ پنجاب پولیس کے افسران کا پروموشن اور سروس سٹرکچر اپ گریڈ کیا جا چکا ہے جس کا مقصد فورس کے مورال میں اضافہ اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے ترقی کے اہل افسران کو ہدایت کی کہ وہ میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق اپنا سروس ریکارڈ بروقت مکمل کریں تاکہ ترقی کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
**********************