آئی جی پنجاب سے پولیس ملازمین ‘اہلخانہ کی ملاقاتیں ‘مسائل سنے

Dec 27, 2025

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی۔مسائل سنے اور فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ لیڈی اسسٹنٹ نرگس بیگم کی ٹرانسفر ‘لیڈی جونیئر کلرک عابدہ پروین کی ٹرانسفر‘ شہید ڈرائیور کانسٹیبل شیر احمد کی اہلیہ کی مالی امداد کی درخواست پر ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔ لاہور سمیت مختلف اضلاع کے زخمی اہلکاروں کو طبی اخراجات کی ادائیگی کیلئے مزید 16 لاکھ روپے کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔ زخمی کانسٹیبل فیصل بلال کو 5 لاکھ ‘زخمی اے ایس آئی ذوالفقار احمد کو 3 لاکھ‘ زخمی اے ایس آئی محمد اکرم کو اڑھائی لاکھ‘زخمی ڈرائیور کانسٹیبل محمود فرید کو 2 لاکھ ‘زخمی سب انسپکٹر بشارت علی اور اے ایس آئی اکبر علی کو ایک لاکھ روپے فی کس‘ زخمی اے ایس آئی کامران مختار اور کانسٹیبل محمد عمران کو مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے فراہم کئے گئے۔ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی زیر صدارت کمپنسیشن ایوارڈ کمیٹی نے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہزاروں پولیس افسران و اہلکار شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس غازیوں کا بہترین علاج معالجہ اور جلد از جلد بحالی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے روزانہ 2 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔

(روز نامہ نوائے وقت)

***********************