لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس اور نجی فلاحی ادارے المرا فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں ہوئی۔ ایم او یو کے تحت پنجاب پولیس کو ملنے والے تمام لاوارث اور یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور دیکھ بھال کی ذمہ داری المرا فاؤنڈیشن ادا کریگی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور چیئرپرسن المرا فاؤنڈیشن صوفیہ وڑائچ نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت پولیس افسران و اہلکاروں کے آٹزم کا شکار بچوں کے علاج، معالجے اور فلاح و بہبود کے اقدامات بھی المرا فاؤنڈیشن کریگی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے بچوں کی فلاح و بہبود پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس کالج سہالہ میں پولیس ملازمین کے متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ڈے کیئر سنٹر قائم کیا جائیگا۔ والدین کو آٹزم کا شکار بچوں کی بہتر دیکھ بھال اور تربیت کیلئے آگاہی اور تربیتی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب محبوب اسلم للہ نے بتایا کہ المرا فاؤنڈیشن نے آٹزم کا شکار بچوں کے علاج، والدین کی کونسلنگ کیلئے میڈیکل سپیشلسٹس اور ماہرینِ نفسیات کی خدمات حاصل کی ہیں۔
(روز نامہ نوائےوقت)
************************
