ڈی جی سی این ایف کا دورہ سنٹرل پولیس آفس‘ آئی جی سے ملاقات

Dec 20, 2025

لاہور(کر ائم رپو رٹر)ڈائریکٹر جنرل کاونٹر نارکوٹکس فورس پنجاب بریگیڈیئر مظہر اقبال نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ بھر میں منشیات فروشی کے سدباب سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی این ایف لیفٹیننٹ کرنل سرفراز خان، ڈائریکٹر آصف شفیع، ڈپٹی ڈائریکٹر میجر فرقان راجہ اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ جبکہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارا اور اے آئی جی آپریشنز پنجاب زاہد نواز مروت بھی ملاقات میں موجود تھے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی جی سی این ایف بریگیڈیئر مظہر اقبال نے منشیات فروشی کے خاتمے کے لیے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں منشیات کے بڑے ڈیلرز کی سرکوبی، ڈرگ سپلائی لائن کاٹنے اور مشترکہ آپریشنل حکمت عملی تشکیل دینے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سپیشل انیشی ایٹو پولیس سٹیشنز اور خدمت مراکز کی دیکھ بھال، صفائی، مینٹیننس اور طے شدہ پروٹوکولز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے ڈی جی خان اور ساہیوال ریجنز میں واقع پولیس سٹیشنز اور خدمت مراکز کی مینٹیننس، صفائی ستھرائی اور ساز و سامان کی بروقت دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی مزید برآں آئی جی پنجاب نے ٹریفک لائسنسنگ اینڈ ڈرائیونگ سنٹرز میں شہریوں کے لیے سہولیات مزید بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترمیم شدہ ٹریفک قوانین سے آگاہی کے لیے جاری مہم میں تیزی لائی جائے تاکہ عوام میں قانون سے متعلق شعور اجاگر ہو۔

(روز نامہ پاکستان)

************************