لاہور(نامہ نگار)شہداء پولیس کے بیرونِ ممالک زیرِ تعلیم بچوں کیلئے فارن سکالرشپس تقسیم کرنے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوئی۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں لاہور سمیت پنجاب پولیس کے 8 شہداء کی فیملیز اور ان کے بچوں نے شرکت کی۔تقریب میں شہداء پولیس کے بیرونِ ممالک زیرِ تعلیم بچوں کیلئے ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کی رقم فارن سکالر شپس کی مد میں تقسیم کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبلز اور ہیڈ کانسٹیبلز کے بچوں کو بیرونِ ممالک اعلیٰ تعلیم کیلئے خطیر رقوم فراہم کر رہی ہے۔ پنجاب پولیس اب تک 2 کروڑ 85 لاکھ روپے فارن سکالرشپس کی مد میں فراہم کر چکی ہے۔ پنجاب پولیس روزانہ 2 کروڑ 20 لاکھ روپے فورس اور ان کے اہلِ خانہ کی ویلفیئر پر خرچ کر رہی ہے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
*************************
