ناقص کارکردگی پر ڈ سٹرکٹ ٹریفک افسروں کیخلاف سخت ایکشن ہو گا، آئی جی پنجاب

Dec 19, 2025
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں نئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، کیسز کی چالاننگ، روڈ سرٹیفیکیٹس کی تکمیل، کالعدم تنظیموں کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری میں پیش رفت، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈائریکٹوز پر عملدرآمد، چینی ماہرین کی سکیورٹی اور غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے انخلا کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ موٹر وہیکلز آرڈیننس میں ترامیم کے بعد شہریوں کے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں واضح بہتری آئی ہے۔ ہیلمٹ کے استعمال، ون وے کی خلاف ورزی، اوور لوڈنگ اور بسوں کی چھت پر سفر جیسی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سڑکوں پر دورانِ سفر حادثات میں اموات اور زخمی ہونے کے واقعات بھی کم ہوئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے اور ڈرائیونگ لائسنسنگ کی شرح میں اضافہ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے فیلڈ میں مؤثر کردار ادا نہ کرنے والے ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ سمیت تمام اضلاع نے ٹریفک مینجمنٹ، چالاننگ اور آگاہی مہمات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے چالاننگ کی شرح میں بہتری اور کالعدم تنظیموں کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب نے امام مساجد کی رجسٹریشن اور ویریفیکیشن کا عمل جلد مکمل کرنے، زیر التوا چالانوں کی فوری تکمیل اور پراسیکیوٹرز کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے انخلا کے عمل میں مزید تیزی لانے اور سی پیک سمیت نجی و سرکاری ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین و باشندوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا۔آئی جی پنجاب نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی رفتار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
(روز نامہ نوائےوقت)
***********************