سرگودھا: پولیس کی گاڑی ٹرین کی زد میں آ گئی ، دو اہلکار شہید تین زخمی

Dec 16, 2025

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھا کے علاقہ تھانہ کینٹ کی حدود میں ایس پی یو کی گاڑی کے ٹرین سے ٹکرانے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہونے کے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایس پی یو سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداء کے اہلِ خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور شہداء کے لواحقین کی بہترین ویلفیئر ہماری اولین ترجیح ہے۔آئی جی پنجاب نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں کانسٹیبل امان   اللہ  اور کانسٹیبل محمد  سبطین شامل ہیں جبکہ زخمی اہلکاروں میں ہیڈ کانسٹیبل محمد اویس، کانسٹیبل ابرار اور ڈرائیور کانسٹیبل ضیافت شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ایس پی یو کے اہلکار معمول کے مطابق گشت کی ڈیوٹی پر مامور تھے کہ ان کی گاڑی ٹرین کی زد میں آ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔

(روز نامہ جناح)

***********************