نیشنل گیمز میں پولیس دستے کی شاندار کارکردگی ‘30میڈل اپنے نام کئے

Dec 15, 2025

لاہور(نامہ نگار)نیشنل گیمزمیں پولیس کے کھلاڑیوں نے تمام کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 38 میڈلز جیتے۔ پاکستان پولیس کے اتھلیٹس نے مختلف مقابلوں میں 4 گولڈ، 5 سلور اور 29 برونز میڈلز اپنے نام کئے۔پولیس کھلاڑیوں نے شوٹنگ بال، فٹنس چیلنج، کک باکسنگ اور ووشو کے مقابلوں میں گولڈ میڈلز حاصل کئے۔ پولیس اتھلیٹس نے فٹنس چیلنج، موا تھائی، ریسلنگ اور ووشو میں سلور میڈلز جیتے جبکہ شوٹنگ بال، فٹنس چیلنج، موا تھائی، کک باکسنگ، کراٹے، تائی کوانڈو اور ٹگ آف وار سمیت متعدد ایونٹس میں برونز میڈلز اپنے نام کئے۔ ریسلنگ، آرچری،بیڈمنٹن، جوڈو،سافٹ بال،ووشو، باکسنگ اور باڈی بلڈنگ میں بھی برونز میڈلز حاصل کئے۔صدر آل پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل  گیمز میں میڈلز جیتنے والے پولیس اتھلیٹس، کوچز اور سپورٹس آفیشلز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی مجموعی کارکردگی کو سراہا۔انہوںنے کہا کہ قومی اور بین الاقوامی سپورٹس ایونٹس میں شاندار کارکردگی کے ذریعے محکمے کا نام روشن کرنے والے پولیس کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ یہ فتوحات کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔پولیس کے کھلاڑیوں نے ٹیم ورک، نظم و ضبط اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***********************