تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے،آئی جی

Dec 14, 2025

لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے مطابق غیر قانونی مقیم باشندوں کے انخلا کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس پورے عمل کے دوران انسانی حقوق کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے۔پنجاب پولیس کی جانب سے صوبہ بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل تسلسل کے ساتھ مؤثر انداز میں جاری ہے جس کے تحت اب تک مجموعی طور پر 31 ہزار 377 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے جبکہ اس وقت 203 غیر قانونی مقیم افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی پورٹ کیے گئے افراد میں 11 ہزار 576 مرد، 6679 خواتین اور 13 ہزار 133 بچے شامل ہیں۔ ڈی پورٹ ہونے والوں میں 10 ہزار 43 رہائشی ثبوت رکھنے والے، 11 ہزار 67 افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز جبکہ 10 ہزار 267 غیر قانونی مقیم غیر ملکی شامل ہیں۔غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے عمل کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے لاہور میں 05 جبکہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

(روز نامہ جنگ)

**************************