لاہور(کرائم رپورٹر)پاکستان پولیس کے کھلاڑیوں نے 35ویں نیشنل گیمز 2025ئ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 30 تمغے جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ پاکستان پولیس نے ایک گولڈ، دو سلور اور 27 برونز میڈلز حاصل کیے۔پنجاب پولیس کے کھلاڑی عبدالصبور نے ووشو فائٹ میں غیر معمولی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا، جبکہ پاکستان پولیس کی حرا ناز نے فٹنس چیلنج ایگزی بیشن میچ میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ افتتاحی تقریب میں بھی پاکستان پولیس کے دستے نے بہترین ڈسپلن اور شاندار ٹرن آوؤٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔صدر پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نیشنل گیمز میں کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو محکمے کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے ووشو فائٹ کے پیٹرن انچیف ایڈیشنل آئی جی انویسٹیگیشن پنجاب شہزادہ سلطان، کوچز اور پوری ٹیم کو بھی شاباش دی۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی پیر محمد شاہ ڈائریکٹر سپورٹس سندھ نے پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ کے دستے کے شاندار ٹرن آو ¿ٹ اور ڈسپلن کو سراہا۔ سندھ پولیس کے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی آئی جی اطہر اسماعیل نے سندھ پولیس کا شکریہ ادا کیا۔آئی جی پنجاب کے مطابق پاکستان پولیس کے 550 کھلاڑیوں پر مشتمل دستے نے نیشنل گیمز کراچی میں بھرپور اور قابلِ تحسین کارکردگی دکھائی۔
